پولیس خدمت مراکز سے ایک درجن سے زائد پولیسنگ خدمات

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر ہدایت پنجاب پولیس کے خدمت مراکز صوبہ بھر میں شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع سے ہر ماہ لاکھوں شہری پولیس خدمت مراکز سے ایک درجن سے زائد پولیسنگ خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ رواں سال کے دوران 22 لاکھ 52 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے پولیسنگ سروسز حاصل کیں،06 لاکھ 30 ہزار 524 شہریوں نے کریکٹر سرٹیفیکیٹ حاصل کئے، 09 لاکھ 89 ہزار سے زائد شہریوں نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی، 4319 شہریوں نے نجی ملازمین کی پولیس ویریفیکیشن کروائی، 01 لاکھ 90 ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری اندراج کروایا، 26 ہزار سے زائد شہریوں نے وہیکلز ویری فیکیشن کروائی، 01 لاکھ 41 ہزار شہریوں نے میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس حاصل کئے، 72 ہزار سے زائد شہریوں نے دستاویزات کی اندراج گمشدگی جبکہ 5259 نے جرائم رپورٹ کی رجسٹریشن کروائی۔ 01 لاکھ 02 ہزار سے زائد شہریوں نے ایف آئی آر کی کاپی حاصل کی، 213 ویمن وائیلنس رپورٹ درج ہوئیں، کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے جاری اقدامات میں 88 ہزار سے زائد افراد کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کیا گیا اور 2496 شہریوں نے ایمپلائی رجسٹریشن (ROPE) کروائی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ پولیس خدمت مرکز سروس ڈلیوری کا شاندار پراجیکٹ ہے اور شہریوں سے حاصل فیڈ بیک کی روشنی میں سروسز اپ گریڈ کر رہے ہیں۔