کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سانحہ گل پلازہ کے تناظر میں آج یوم سوگ کے طور پر منانے اور مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے گل پلازہ حادثے پر جاری کردہ ویڈیو بیان میں کہا کہ دکاندار گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں سے اظہار یکجہتی کے لیے مارکیٹیں بند رکھیں گے اور اس اقدام کے ذریعے یہ پیغام دیا جائے گا کہ تاجر متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں لگی آگ کو 24 گھنٹے سے زائد ہو چکے ہیں اور اس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ جو عمارت کل تک جگمگاتی تھی، آج وہ زمین بوس ہو چکی ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ دکاندار اور ان کے ورکرز اب بھی عمارت کے اندر موجود ہیں، جبکہ سیکڑوں دکاندار عمارت کے سامنے جمع ہیں۔ انہوں نے اس سانحے کو بہت بڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام تاجر اس حادثے پر دلبرداشتہ ہیں۔