عید کے موقع پر دی گئی خصوصی رعایت ختم ہونے کے بعد مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کو رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، جس پر تاجر برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
تاجر نمائندوں کے مطابق اس فیصلے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ شام کے اوقات میں زیادہ تر خریدار مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری اپنے روزمرہ کے کاموں سے فارغ ہو کر ہی خریداری کے لیے بازار آتے ہیں، اس لیے جلد بندش سے فروخت میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔تاجروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں کاروبار پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے، اور مارکیٹوں کے اوقات کار محدود ہونے سے نہ صرف دکاندار بلکہ ملازمین اور دیگر وابستہ شعبے بھی متاثر ہوں گے۔تاجر برادری نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹوں کے اوقات کار میں نرمی کی جائے تاکہ خرید و فروخت کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہ سکے۔