کراچی میں سانحہ گل پلازہ کے بعد بین الاقوامی سطح پر ہمدردی اور تعزیت کے پیغامات سامنے آئے ہیں۔
سعودی عرب نے متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور عوام سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔امریکی قونصل خانے نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ امریکا جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے ریسکیو ٹیموں اور فائر فائٹرز کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو سانحے کے فوری بعد امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے۔چینی قونصلیٹ جنرل نے بھی گل پلازہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کے لیے ہمدردی اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
واضح رہے کہ سانحے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ شناخت کے لیے 50 فیملیز نے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے جمع کروا دیے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق تہہ خانے کے اوپن ایریا کو مکمل طور پر سرچ کر لیا گیا ہے، جہاں سے کوئی لاش نہیں ملی۔ تاہم تہہ خانے کے دبے ہوئے حصے کی تلاش ابھی جاری ہے۔ عمارت کے دوسرے اور تیسرے فلور کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سانحہ گل پلازہ کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی کام شروع کر چکی ہے، جو عمارت کے ڈھانچے، حفاظتی اقدامات اور ممکنہ دیگر عوامل کا تفصیلی جائزہ لے گی۔