کراچی: گل پلازہ میں آتشزدگی، 90 فیصد آگ پر قابو، جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی

کراچی: گل پلازہ میں آتشزدگی، 90 فیصد آگ پر قابو، جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی

کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں لگنے والی شدید آگ پر 34 گھنٹے گزرنے کے بعد 90 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے، تاہم تاحال مکمل طور پر آگ بجھائی نہیں جا سکی۔

 افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی ہے، جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں اور 60 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کا تقریباً 60 فیصد حصہ منہدم ہو چکا ہے جبکہ باقی 40 فیصد حصہ بھی شدید مخدوش ہو گیا ہے، جس کے باعث کسی بھی وقت مکمل طور پر گرنے کا خطرہ موجود ہے۔ اسی وجہ سے ریسکیو ٹیمیں اب تک عمارت کے اندر مکمل طور پر داخل نہیں ہو سکیں۔چند گھنٹوں کے دوران ایک بچے سمیت مزید 4 لاشیں اور انسانی اعضا ملبے سے نکالے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 20 سے 25 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ جائے حادثہ پر لاپتہ افراد کے لواحقین شدید کرب میں مبتلا ہیں اور کسی معجزے کے منتظر ہیں۔

آگ بجھانے کے عمل میں پاک بحریہ اور ریسکیو 1122 کے 22 فائر ٹینڈرز اور 15 واٹر باؤزرز نے حصہ لیا۔ حکام کے مطابق آگ مکمل طور پر بجھنے کے بعد ملبہ ہٹانے کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔سانحہ گل پلازہ پر پورے شہر کی فضا سوگوار ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ سے متاثرہ تاجروں کے نقصانات کے ازالے کی اپیل کی ہے، جبکہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر آج الیکٹرانک مارکیٹیں بند رہیں گی۔