شاہ عالم مارکیٹ کے فاطمہ پلازہ میں آتشزدگی، 14 گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا

شاہ عالم مارکیٹ کے فاطمہ پلازہ میں آتشزدگی، 14 گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا

لاہور: شاہ عالم مارکیٹ میں واقع فاطمہ پلازہ میں لگنے والی شدید آگ پر تقریباً 14 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد قابو پا لیا گیا۔

 ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ گزشتہ روز دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر پلازے کی چوتھی منزل پر واقع ایک جیولری شاپ میں لگی۔ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں 11 فائر وہیکلز، 4 ریسکیو وہیکلز، ایک ایمبولینس، 5 موٹربائیک ایمبولینسز اور 60 سے زائد ریسکیورز نے حصہ لیا۔حکام کے مطابق پلازے میں لگی آگ پر رات 4 بج کر 30 منٹ پر مکمل طور پر قابو پایا گیا، تاہم کولنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جا سکے۔ریسکیو ٹیموں کو آپریشن کے دوران شاہ عالم مارکیٹ کی تنگ اور تاریک گلیوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن کے دوران محدود علاقے کو ٹریفک اور شہریوں کی آمدورفت کے لیے بلاک رکھا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق واسا اور پی ایچ اے کے واٹر ٹینکرز نے بھی آگ بجھانے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جس سے فائر فائٹرز کو آپریشن میں مدد ملی۔کمشنر لاہور نعمان یوسف نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کے عمل کا جائزہ لیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز نے بھی ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ کمشنر لاہور نے ڈی سی لاہور اور ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ مختلف ریسکیو پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا۔کمشنر لاہور کے مطابق پلازے میں کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

دوسری جانب ڈی سی لاہور کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فاطمہ پلازہ استعمال کے قابل ہے یا نہیں، اس کا حتمی فیصلہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے عمارت کے معائنے کے بعد کیا جائے گا۔