کالے جادو کے الزام پر ہجوم کا حملہ، ماں اور ایک سالہ بچے کو زندہ جلا دیا گیا

کالے جادو کے الزام پر ہجوم کا حملہ، ماں اور ایک سالہ بچے کو زندہ جلا دیا گیا

بھارت کی ریاست جھاڑکھنڈ میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر جادو ٹونے کے الزامات پر ہونے والے تشدد کے مسئلے کو اجاگر کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مغربی ضلع سنگھ بھوم کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جو ویسٹ سنگھ بھوم میں واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق رات گئے چند افراد خاتون کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور شور شرابہ شروع کر دیا۔بتایا جاتا ہے کہ جب خاتون کا شوہر صورتحال جاننے کے لیے باہر نکلا تو مشتعل افراد نے حملہ کر دیا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر 32 سالہ خاتون اور اس کے ایک سالہ بچے پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے میں شوہر بھی زخمی ہوا تاہم وہ جان بچا کر نکلنے میں کامیاب ہو گیا اور اگلے روز پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس حکام کے مطابق خاتون اور بچہ جھلسنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون پر جادو کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ شوہر کی شکایت پر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔بھارت کے بعض دیہی علاقوں میں جادو ٹونے کے الزامات پر تشدد اور ہجوم کے حملوں کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں، جن کی روک تھام کے لیے مختلف ریاستوں میں خصوصی قوانین نافذ کیے گئے ہیں۔