چپس چوری کے الزام نے 12 سالہ بچے کی جان لے لی: ’ماں، میں چور نہیں ہوں‘

چپس چوری کے الزام نے 12 سالہ بچے کی جان لے لی: ’ماں، میں چور نہیں ہوں‘

بھارت کے مغربی بنگال کے ضلع پچھم میدنی پور میں 12 سالہ طالبعلم کرشندو داس نے چپس چوری کے الزام اور بدسلوکی کے باعث خودکشی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق، کرشندو داس ساتویں جماعت کا طالبعلم تھا جو چپس لینے دکان گیا تھا۔ دکاندار نے اس پر تین پیکٹ چپس چوری کرنے کا الزام لگایا، اسے سرعام بے عزت کیا اور کان پکڑ کر معافی منگوائی۔ بچے کو 15 روپے ادا کرنے پر مجبور کیا گیا۔پولیس کے مطابق کرشندو نے اپنی ماں کو واقعہ بتایا، مگر ماں نے اسے ڈانٹا اور تھپڑ مارا۔ ذہنی دباؤ اور شرمندگی کے باعث بچے نے کیڑے مار دوا پی لی جس کے بعد وہ اسپتال لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکا۔

بچے نے مرنے سے پہلے ایک خط لکھا جس میں کہا: "ماں، میں چور نہیں ہوں، یہ میرے آخری الفاظ ہیں، مجھے معاف کر دینا"۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے جبکہ دکاندار فرار ہے۔ واقعے نے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔