اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت اس سال حج پر جانے والے عازمین حج کو کھانے پینے، رہائش، ٹرانسپورٹ کی یکساں اور معیاری سہولیات فراہم کریگی انہوں نے کہا ہمارے تربیت یافتہ خدام الجاج پاکستانی عازمین حج کی خدمت،سعودی ریگولیشن کے عین مطابق نظم و ضبط اور ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ وہ بدھ کو حج کمپلیکس اسلام آباد میں حج 2026 میں مسابقتی عمل کے زریعے کامیاب قرا ر پائے جانے والے خدام الجاج کی 10 روزہ تربیت مکمل ہونے پر سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزارت مذہبی امور کے سی ایف او وکوآرڈنیٹر خدام الحجاج ذوالفقار خا ن، ڈائریکٹر حج کمپلیکس اسلام آباد قاضی سمیع الرحمان سمیت وزارت کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ایک عظیم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا ہے۔ اس سال تقریباً 38ہزار امیدواروں میں سے آپ وہ 800 خوش نصیب خواتین و حضرات ہیں جنہیں ''خدام لحجاج'' بننے کا موقع ملا ہے۔ یہ محض ایک ڈیوٹی نہیں بلکہ ایک بڑا اعزاز ہے، کیونکہ آپ کو اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ عمرہ اور نمازوں کی سعادت بھی نصیب ہوگی۔