ملک بھر میں 200 سے زائد مقامات پر بیک وقت حج تربیتی ورکشاپ ، شرکت لازمی ، پہلا مرحلہ 14 فروری تک جاری رہے گا
دوسرا تربیتی مرحلہ ماہ رمضان کے بعد ہوگا ، حج تربیت مناسک کی درست ادائیگی اور عبادت کی قبولیت کے لیے ضروری ہے:وفاقی وزیر
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاہے کہ تمام عازمین کیلئے حج مناسک کی تریبت لازمی جزو ہے‘امسال وزارت نے ملک بھر میں ایک لاکھ 18 ہزار عازمین حج کی بیک وقت تربیت شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔بدھ کو اسلام آباد حاجی کیمپ میں حج تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ لازمی حج تربیت نہ کرنے والے عازمین ‘حج سے محروم رہ جائیں گے انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں 200 سے زائد مقامات پر بیک وقت حج تربیتی ورکشاپ جاری ہیں حج تربیت کے دونوں مراحل میں شرکت لازمی ہے اور یہ پہلا مرحلہ 14 فروری تک جاری رہے گا جبکہ دوسرا تربیتی مرحلہ ماہ رمضان کے بعد منعقد ہوگا انہوں نے کہاکہ حج تربیت مناسک کی درست ادائیگی اور عبادت کی قبولیت کے لیے ضروری ہے بغیر تربیت حج میں غلطیوں اور بے ضابطگی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے انہوں نے کہاکہ مناسک حج کی درست ادائیگی کے لیے سعودی قوانین اور انتظامات سے آگاہ ہونا ضروری ہے