پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بنانا ہے تو نئے صوبوں کے قیام پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا:سینیٹرطلحہ محمود
اسلام آباد(آن لائن)صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا ہے صوبہ ہزارہ کا قیام ہزارہ کے عوام کا دیرینہ، آئینی اور جمہوری مطالبہ ہے جس کے لیے گزشتہ سولہ برس سے پرامن جدوجہد جاری ہے،ہزارہ کے عوام نے اس تحریک کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اس مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پارلیمانی اور آئینی عمل کو آگے بڑھائے۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینیٹر طلحہ محمود، مرتضی جاوید عباسی، ایم این اے بابر نواز خان، سیدہ سونیا شاہ اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی تین مرتبہ صوبہ ہزارہ کے حق میں قرارداد منظور کر چکی ہے جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی اس حوالے سے بل پیش کیے جا چکے ہیں۔اس موقع پرسینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ اگر پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانا ہے تو نئے صوبوں کے قیام پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا، ہر حکومت اپوزیشن میں نئے صوبوں کی حمایت کرتی ہے لیکن اقتدار میں آکر اس معاملے کو نظر انداز کر دیتی ہے، صوبہ ہزارہ کی تحریک عوامی حمایت اور قربانیوں کی علامت ہے جسے مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔