مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے متعدد شہروں سے شہادتوں کی تصدیق کے بعد چاند نظرآنے کااعلان کیا
بھارت، بنگلہ دیش ‘ ایران ‘ترکیہ، ملائیشیا، سنگاپور، برونائی، انڈونیشیا ‘ عمان‘ امریکہ اور برطانیہ میں آج پہلا روزہ ہوگا
مسجد الحرام اور مسجد نبویؓ میں رمضان المبارک کی پہلی تراویح کے روح پرور مناظر‘سحری کے وقت بھی مساجد بھری رہیں
پشاور‘مکہ مکرمہ (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک 1447ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، ملک بھر میں پہلا روزہ آج ہوگا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے چاند کی رویت کا اعلان کیا ۔دوسری جانب رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کی صدارت کی۔رویت ہلال کمیٹی نے متعدد شہروں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی تصدیق کے بعد باضابطہ اعلان کیا ۔ الحرام اور مسجد نبویؓ میں رمضان المبارک کی پہلی تراویح کے روح پرور مناظر نے دیکھنے والے کا دل موہ لیا۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دنیا بھر سے آئے ہزاروں مسلمان بارگاہ الہی میں سجدہ ریز رہے، ماہ رمضان پانے پر شکر اور مغفرت کی دعائیں کی گئیں۔بھارت، بنگلہ دیش ‘ ایران ‘ترکیہ، ملائیشیا، سنگاپور، برونائی، انڈونیشیا ‘ عمان‘ امریکہ اور برطانیہ میں بھی آج پہلا روزہ ہوگا۔ کینیڈا اور آسٹریلیا میں آج پہلا روزہ ہوگا۔ متعدد افریقی ممالک کے شہری بھی آج پہلا روزہ رکھیں گے۔