سعودی عرب‘یواے ای میں آج پہلا روزہ‘پاکستان میں اتوار کوہوگا

پورے ملک میں مطلع ابر آلود رہا ‘کسی مقام سے  چاند نظر آنے کی  شہادت نہیں ملی:مولانا عبدالخبیر آزاد
قطر ‘ عمان ‘آسٹریلیا ‘انڈونیشیا میں پہلا روزہ آج ہوگا‘ملائیشیا اور جاپان میں بھی چاند نظر نہ آیا

پشاور‘ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں، ملک میں پہلا روزہ 2 مارچ اتوار کو ہوگا۔رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر کی صدارت میں اوقاف ہال پشاور میں ہوا۔اجلاس میں کمیٹی اراکین، محکمہ موسمیات، سپارکو اور دوسرے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا  پورے ملک میں مطلع ابر آلود رہا اور پورے پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی‘سعودی شاہی دیوان کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق کردی ہے۔متحدہ عرب امارات، قطر اور سلطنت عمان میں بھی رمضان کا چاند نظر آگیا،آج  پہلا روزہ ہوگا۔برونائی دارالسلام میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ بندر سری بگاوان سے عرب میڈیا کے مطابق اب برونائی دارالسلام میں اتوار 2 مارچ کو یکم رمضان المبارک ہوگی۔ ادھر کینبرا سے عرب میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے مفتی اعظم ڈاکٹر ابراہیم نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا میں ہفتہ کو پہلا روزہ ہوگا۔جکارتا سے عرب میڈیا کے مطابق انڈونیشیا نے ہفتہ یکم مارچ کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ پڑوسی ملک ملائیشیا میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ کوالالمپور سے عرب میڈیا کے مطابق ملائیشیا میں اتوار 2 مارچ کو پہلا روزہ ہوگا۔رویت ہلال کمیٹی کے مطابق جاپان میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ اتوار کو ہوگا۔