پمز کی رپورٹیں جعلی قرار عمران خا ن کی رہائی کیلئے فورس لاکھوں افراد پر مشتمل ہوگی سہیل آفریدی

ہم نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے جا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں جب عمران خان کی کال آئے تو تمام نوجوان تیار ہوں
 8 فروری کو ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں میں سے کوئی ہمارا محسن نہیں، ہزارہ ڈویژن کیلئے 200 ارب  کاخصوصی پیکیج دیا جائیگا
اسلام آباد(آئی  این پی ) وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی نے  بانی پی ٹی آئی  عمران خان سے متعلق پمز کی رپورٹس کو جعلی قرار دیکر مسترد کردیا اور کہا ہے کہ عمران خان رہائی امن فورس لاکھوں افراد پر مشتمل ہوگی جس میں تمام ونگز شامل ہونگے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے جا رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں جب عمران خان کی کال آئے تو تمام نوجوان تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان رہائی امن فورس لاکھوں افراد پر مشتمل ہوگی، فورسز مختلف قسم کی ہوتی ہیں، ریلیف فورس، ٹائیگر فورس اورٹاسک فورس بھی ہوتی ہے،  یہ فورس تحریک انصاف کے تمام ونگز بشمول وکلا اور انصاف یوتھ پر مشتمل ہوگی۔ سہیل آفریدی آفریدی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والوں میں سے کوئی ہمارا محسن نہیں۔وزیراعلی کے پی نے عمران خان سے متعلق پمز کی رپورٹس کو جعلی قرار دیکر مسترد کردیا۔دریں اثناء  وزیر اعلی سہیل آفریدی  نے  ہزارہ ڈویژن کیلئے 200 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے ۔وزیر ا علی  سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہائوس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں وفاقی حکومت سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام ہری پور تا مانسہرہ جی ٹی روڈ کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا، وزیر اعلی نے اعلان کیا کہ سڑک کی توسیع کیلئے خیبر پختونخوا حکومت مالی معاونت بھی فراہم کرے گی تاکہ عوام کو سفری سہولیات میسر آ سکیں۔