مستحق افراد کو ان کا حق دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے‘ 10 مارچ تک خاندانوں کو نگہبان رمضان کارڈز کی ترسیل مکمل کر دی جائے گی
بانی پی ٹی آئی کا جیل میں مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، روزانہ طبی معائنہ ہو رہا ہے ‘ مناسب خوراک فراہم کی جا رہی ہے:وزیراطلاعات
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے رمضان المبارک کے دوران کسی کو گراں فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومت قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی۔ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وعدے کے مطابق مستحق افراد کو ان کا حق دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے، نگہبان رمضان پیکج کے تحت 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں اور نگہبان رمضان کارڈز گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ 10 مارچ تک تمام مستحق خاندانوں کو کارڈز کی ترسیل مکمل کر دی جائے گی جبکہ کارڈ پر نہ کوئی چارجز ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا پن کوڈ رکھا گیا ہے۔ تحصیل میں ‘‘مریم کے مہمان دسترخوان’’ کے تحت روزانہ دو ہزار افراد کو افطاری کرائی جائے گی اور مخیر حضرات کو حکومت کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی، اگر کوئی مستحق خاندان رہ جائے تو وہ ہیلپ لائن نمبر 1000 پر رابطہ کر سکتا ہے، پنجاب حکومت قوانین پر عملدرآمد کرانا جانتی ہے اور رمضان میں گراں فروشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوںنے کہا بانی پی ٹی آئی کا جیل میں مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، روزانہ طبی معائنہ ہو رہا ہے اور مناسب خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے اس موقع پر کہا مجموعی طور پر 42 لاکھ خاندانوں تک نگہبان رمضان کارڈ پہنچائے جائیں گے جبکہ 30 لاکھ نئے شامل ہونے والے خاندانوں کو بھی کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں، مسیحی برادری کے لیے بھی ایک لاکھ 57 ہزار کارڈز فراہم کیے گئے ہیں، 17 ہزار سے زائد کریانہ سٹورز کو پروگرام سے منسلک کیا گیا ہے اور سہولت بازاروں میں پانچ کلومیٹر تک مفت ہوم ڈیلیوری کی سہولت دستیاب ہے۔