عمران خان اسی ماہ کال دینگے‘انہیں رہا کرائے بغیر گھر نہیں جائینگے(علی امین گنڈا پور)

 اس باراپنے گھروالوں کو بتاکر نکلیں گے اگرہماری میت نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا‘عمران خان کے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے
اب قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے وہ عزتیں نیلام کروائے یا حقیقی آزادی کے لئے باہر نکلے:صوابی میں جلسہ سے خطاب‘وزیراعلی خیبرپختونحوا نے کارکنوں سے حلف بھی لیا

صوابی (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے حلف لیتے ہوئے کہا ہے کچھ بھی ہوعمران خان کی رہائی کے بغیر گھرواپس نہیں جائیں گے‘ اس بارہم جب گھروں سے نکلیں گے تو اپنے گھروالوں کو بتاکے نکلیں گے کہ اگرہماری میت نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا۔صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں امریکہ ہوں اورآپ کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ عوام ہی عمران خان کی طاقت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزاد کرنے کے لیے ہمارے آبا واجداد نے قربانیاں دی ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم قربانی دے کر آزادی لینی ہے اور خان کا ہر فیصلہ قبول ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے قائد اور ہمارے لوگوں پر ظلم کیا گیا ہے، نومبر میں عمران خان کی کال آئے گی اور باہر نکلیں گے۔جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک خان کو آزاد نہیں کریں گے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے، جیل جائیں لیکن گھر واپس نہیں جائیں گے، ہم ان کا وہ حال کریں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔وزیراعلی نے نے کہا کہ کچھ بھی ہو خان کی رہائی کے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے اور آزادی کے بغیر واپس نہیں جائیں گے، جس کے لیے سب تیار ہیں۔ان خان کے دیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہاآپ کی جانب سے ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اس کا ہم حساب لیں گے،اب قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ وہ عزتیں نیلام کروائے یا حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلے۔ کارکن آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کردیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہے۔