پی ٹی آئی کی سیاست سڑک چھاپ سیاست سے بھی بدتر ہوچکی ، چور چور کی گردان کرنیوالے کا پورا ٹبر چوری میں پکڑا گیا
امپائر کی انگلی، سازشی کردار اور سہولت کاری بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا قبلہ رہاہے:وزیراطلاعات پنجاب کا بیان
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے تحریک انصاف کی سیاست "سڑک چھاپ"سیاست سے بھی بدتر ہوچکی ہے ۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیراطلاعات نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی پیدائش احتجاج، دھرنے اور جلسوں کی شرط پر ہوئی تھی، ایمپائر کی انگلی، سازشی کردار اور سہولت کاری بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا قبلہ رہے، چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ قوم کے بچوں کو اپنے اقتدار کی ہوس میں جھونکا کر اپنے بچے لندن میں لگژری لائف سٹائل انجوائے کررہے ہیں ، تحریک انصاف کی سیاست "سڑک چھاپ"سیاست سے بھی بدتر ہوچکی، نوازشریف نے کہا تھا ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکیں ناپتے جا ئوگے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کی ترقی فتنہ پارٹی سے ہضم نہیں ہورہی۔انہوں نے خبردار کیا کہ پرامن احتجاج کی آڑ میں شرپسندی پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، جو قانون توڑے گا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلائے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔