10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے مقرر‘روٹی مہنگی نہیں کرنے دینگے عظمی بخاری

 مریم نواز سیلاب متاثرین کیلئے بڑے ریلیف پیکیج کا جلد اعلان کریں گی ‘ کیمپ بند کرنے  بارے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں
مریم نواز کی تصویر سے بہت سے مخالفین کو تشویش اور انہیں ڈر لگتا ہے،  انہوں نے اپنی محنت سے بہت سے لوگوں کی محبت سمیٹ لی ہے

 لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب میں آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 905 روپے مقررکردی گئی جبکہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے ہوگی۔روٹی 14 روپے کی ہی ملے گی۔وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 905 روپے مقرر کردی ،20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے ہوگی۔ صوبے میں روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے،سیلاب کی آڑ میں آٹے اور روٹی کی قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا  وزیر اعلی  مریم نواز سیلاب متاثرین کے بڑے ریلیف پیکیج کا جلد اعلان کریں گی،سیلاب متاثرہ بہت بڑا ریسکیوآپریشن کیا گیا ہے، تمام ادارے دن رات کام کر رہے ہیں، گزشتہ کئی سالوں سے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ مون سون کا چار ماہ کا سپیل آیا۔ ریلیف کیمپ بند کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں، بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے ریلیف کیمپوں میں ہی سکولز قائم کیے گئے ہیں، وزیراعلی پنجاب سیلاب متاثرین کے بڑے ریلیف پیکیج کا جلد اعلان کریں گی۔وزیراطلاعات پنجاب نے مریم نواز کے دوروں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعلی کے دوروں کے دوران ایک طرف انتظامیہ پرچیک اینڈ بیلنس رہتا ہے اور دوسری جانب وہ کھانا ،ادویات، جانوروں کے چارے اور ریسکیو سے متعلق ضلع کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس لیتی ہیں۔عظمی بخاری نے وزیراعلی کی تصویر کے حوالے سے ایس او پیز کے بارے میں بتایا کہ مریم نواز کی تصویر سے بہت سے مخالفین کو تشویش اور انہیں ڈر لگتا ہے، کیونکہ انہوں نے اپنی محنت سے بہت سے لوگوں کی محبت سمیٹ لی ہے ۔