عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل طلب

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل طلب

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت نے طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جیل حکام کو عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر وضاحت کے لیے 27 فروری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چوہدری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہیں کرائی گئی، حالانکہ 28 جنوری کو جیل سپرنٹنڈنٹ نے خود عدالت میں بیان دیا تھا کہ ملاقات کرائی جائے گی۔ اس کے باوجود بشریٰ بی بی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں کیا گیا؟ اور ہدایت دی کہ اس پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں، عدالت نے سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔