ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کروانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 4 مارچ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
عدالتی حکم نامہ جاری
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے عمران خان کے وکیل فیصل چودھری کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ:سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوکر وضاحت کریں کہ عدالتی احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا؟عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات 28 جنوری کے عدالتی فیصلے کی روشنی میں ضروری تھی، لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
عدالتی کارروائی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور کیس کی مزید سماعت 4 مارچ تک ملتوی کردی۔
پسِ منظر
عمران خان نے بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر ایڈووکیٹ فیصل فرید چودھری کے ذریعے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے، جس پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے معاملے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔