ویب ڈیسک: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کی "آہنی دوستی" کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس موقع پر وانگ ای نے بھی اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں معاونت جاری رکھے گا۔علاوہ ازیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں "گلوبل گورننس" کے عنوان سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ بحرانوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت قائم عالمی نظام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔