برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے آئندہ روابط پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے علاقائی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔