وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے شہر بارکھان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔وزیراعظم نے سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ دہشتگردوں کو جلد از جلد انجام تک پہنچائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معصوم شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔واضح رہے کہ بارکھان کے علاقے رڑکن میں مسلح افراد نے بس روک کر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور 7 افراد کو اتار کر قتل کر دیا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے بتایا جا رہا ہے۔