جتھوں کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی، جرم کرنے اور کرانے والے انجام بھگتیں گے: طلال چوہدری

جتھوں کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی، جرم کرنے اور کرانے والے انجام بھگتیں گے: طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست کسی دباؤ یا جتھوں کی بلیک میلنگ کے آگے نہیں جھکے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں اور پسِ پردہ سازش کرنے والوں کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ حالیہ واقعات میں شامل عناصر ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر حکومت کسی کو یہ اجازت نہیں دے گی کہ وہ قانون سے بالاتر ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف واضح ہے کہ جرم کرنے والے اور جرم کرانے والے دونوں انجام بھگتیں گے۔ان کے مطابق، ان جتھوں کے مطالبات میں قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں گرفتار افراد کی رہائی شامل تھی، جو کسی طور قابلِ قبول نہیں۔وزیرِ مملکت نے انکشاف کیا کہ حالیہ چھاپوں کے دوران کروڑوں روپے نقدی، سونا اور 70 قیمتی گھڑیاں برآمد ہوئیں، جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ان سرگرمیوں کے پیچھے ذاتی مفادات کارفرما تھے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ گروہ غزہ یا انسانی امداد سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں کر رہے تھے، بلکہ ان کی تمام توجہ اپنی دولت اور گرفتاریوں سے بچنے پر مرکوز تھی۔انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کسی بھی غیر قانونی دباؤ یا تشدد کے ذریعے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کو ناکام بنائے گی، اور قانون کے مطابق ہر مجرم کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔