امریکا: برفانی طوفان سے نظام زندگی معطل،متعددریاستوں میں ایمرجنسی نافذ

  ہلاکتیں 14ہوگئیں،کئی افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات،مونٹانا میں ٹمپریچر منفی 51 ہونے کا امکان
ْ    واشنگٹن (یواین پی)امریکا کے وسطی اور مشرقی حصوں میں شدید برفانی طوفان، تیز ہوائوں اور شدید سردی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی۔عرب ٹی وی نے بتایاکہ نیشنل ویدر سروس کے مطابق مونٹانا اور نارتھ ڈکوٹا میں درجہ حرارت منفی 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے جبکہ کئی علاقوں میں ریکارڈ سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔گورنر کینٹکی کے مطابق سیلاب کے باعث 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ویسٹ ورجینیا اور جارجیا میں بھی ایک ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کئی افراد لاپتا ہیں۔حکام نے متعدد ریاستوں میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔