ترقی دہشتگردی کے خاتمے سے جڑی ہے شہبازشریف
ترکیہ، پاکستان کے درمیان تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ ہوا ہے، 3سے 4ماہ بعد وفاقی بجٹ آئے گا، محنت کریں گے تو معاشی ترقی کا پہیہ تیزی سے گھومنا شروع ہو جائے گا،ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا
، ترکیہ کے صدر نے کشمیر اور فلسطین کیلئے ہمیشہ آواز اٹھائی،،ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات ہوئی جس میں وفد نے معاشی اصلاحات کی تعریف کی: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو‘انٹرچینج کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد ( آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اس کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برادر ملک ترکیہ کے صدر دورہ پاکستان پر آئے، ترک صدر کی پاکستان آمد پرعوام نے خوش آمدید کہا، ترکیہ نے ہمیشہ دل کھول کرپاکستان کا ساتھ دیا، ترک صدر نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اٹھائی، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ہر فورم پر ترکیہ اور پاکستان نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں گیلپ سروے جاری ہوا ہے، مل کر کام کریں گے تو معاشی ترقی میں تیزی سیاضافہ ہوگا، ورلڈ بینک کے وفد نے پاکستان کی معاشی ترقی کی بھرپور ستائش کی، ہمیں محنت کو یقینی بنانا ہے، پاکستان اپنا مقام ضرور حاصل کرے گا، پاکستان میں بزنس کے ماحول کے حوالے سے 55 فیصد پاکستانیوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور یہ گیلپ کا سروے ہے، جو کافی معتبر ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے لیکن ہمیں آگے بڑھنا ہے اور مزید محنت کرنی ہے، تین چار ماہ بعد بجٹ آئے گا، اب ہمیں اڑان پاکستان اور ہمارا ہوم گرون ایجنڈا ہے، اس پر فی الفور کام شروع کر دینا چاہیئے، اگر ہم مل کر شبانہ روز محنت کریں گے تو ہماری معاشی ترقی کا پہیہ بڑی تیزی سے گھومنا شروع ہو جائے گا، یقینا اس کے لیے ملک کے اندر سازگار حالات انتہائی ضروری ہیں‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں رجب طیب اردوان انٹرچینج کا افتتاح کر دیا۔رجب طیب اردوان انٹرچینج (ایف 8 اسلام آباد) کے فعال ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا جناح سکوائر کے بعد ایک اور شاندار عوامی منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا، اسلام آباد کیلئے یہ انتہائی اہم منصوبہ ہے، اس منصوبے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو سہولت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہر اقتدار میں ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے، محسن نقوی، چیئرمین سی ڈی اے اور انکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، قلیل مدت میں منصوبے کی تکمیل لائق تحسین ہے، اس منصوبے سے انڈرپاسز اور یوٹرنز بنائے گئے جو عوام کو سہولت پہنچائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ صدر کی آمد پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا، ترک صدر کو اس منصوبے کی ویڈیو اور خط بھیجوں گا، ان کو پیغام پہنچائیں گے کہ پاکستان اور ترکیہ برادرانہ ملک اور بہترین دوست ہیں۔