پاکستان اورترکیہ میں24معاہدے‘تجارت5ارب ڈالر تک لانے پراتفاق( سرمایہ کاری اور مشترکہ پیداوار کے منصوبوں کیلئے تیار ہیں: صدر رجب طیب اردوان

 اردوان کے دورے سے فائدہ ہوگا امید ہے دونوں ملکوں میں تجارت ، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون نئی بلندیوں کی جانب جائیگا،تمام مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے ترکیہ کے ساتھ ملکر کام کریں گے:شہبازشریف

پاکستان میرا دوسرا گھر ہے ‘یہاں آ کر بے حد خوشی ہوئی‘پاکستان کی ترقی ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے‘دہشتگردی کیخلاف جنگ اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں:رجب طیب اردوان کا تقریب میں خطاب

اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی)پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کردئیے گئے جن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، دونوں ممالک کے وزرائے تجارت اور متعلقہ افسران سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ یہ دستخط وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر نے کیے بعدازاں دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا‘ پاکستان اور ترکیہ نے دونوں ممالک کے درمیان  تجارتی حجم  پانچ ارب ڈالر کرنے پر اتفاق کیا ہے‘تقریب سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا     ہم ترکیہ کے صدر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بھی متاثر ہے، اور حال ہی میں بڑے سیلاب کا سامنا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بے مثال شراکت رہی ہے، اور آج کے دورے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ رجب طیب اردوان اسلامی دنیا کے انتہائی اہم رہنما ہیں، جنہوں نے اپنے ملک میں نظام کو مثالی بنایا، اور لوگوں کو مسائل سے نکال کر بہتر مستقبل کی جانب لے کر آئے۔شہباز شریف نے کہا کہ اسی طرح صدر رجب طیب اردوان کی غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کے لیے بھی کاوشیں قابل قدر ہیں، ترکیہ ہمیشہ کشمیری عوام کے حوالے سے پاکستان کے موقف کے ساتھ بھی کھڑا رہا ہے، اور کود بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کا بڑا حامی ہے۔ امید ہے دونوں برادرانہ ملکوں میں تجارت ، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بھی نئی بلندیوں کی جانب جائے گا۔تمام مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے ترکیہ کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے اور انہیں یہاں آ کر بے حد خوشی ہوئی۔ دونوں ممالک کے دوران ادارہ جاتی تعلقات اور دوستی اس وقت بلند ترین سطح پر ہے، ہم تجارت، دفاع، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی ترقی ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔رجب طیب اردوان نے کہا کہ آج ہم نے دفاع، تجارت، زراعت، سماجی خدمات، بینکنگ سمیت دیگر شعبہ جات میں 24 معاہدے کیے ہیں، میرے بھائی شہباز شریف نے بھی باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کی ہے، صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات میں اہم معاملات زیر غور آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارت وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کرتا ہوں، کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت 5 ارب ڈالر تک لے جائیں، اس کے لیے اقدامات کیے جائیں، تاکہ برادرانہ تعلقات سے دونوں ملک فائدہ اٹھاسکیں، ترکیہ پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری اور مشترکہ پیداوار کے منصوبے لگانے کے لیے بھی تیار ہے