لاہور کی ترقی کے لئے 40 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے:سینئرصوبائی وزیر
لاہور(سپیشل رپورٹر)سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام محکموں کو آئندہ مالی سال کے پی سی ون منصوبے جون تک مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں تمام محکموں کو بروقت منصوبہ بندی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کی ترقی کے لیے 40 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مکمل بجٹ کی فوری فراہمی کی ہدایت دی ہے۔اجلاس میں منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویری فیکیشن کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ کے شروع کردہ منصوبوں کی رفتار، فنڈز کے استعمال، شفافیت، معیار اور پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ صحت کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں، جن میں 1250 بنیادی اور دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی، 1200 ڈسپینسریوں کا قیام عمل میں آیا، اور محکمہ صحت کے 432 منصوبے مکمل کر دیے گئے، جبکہ دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا۔رہائشی منصوبوں میں ''اپنی چھت اپنا گھر'' اسکیم کے تحت چار ماہ میں 80 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں اور اسکیم کے تحت ریکارڈ قرضے جاری کیے گئے۔