نواز شریف اختلافات کے خاتمے کیلئے سرگرم
مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی قیادت میں اختلافات پر سربراہ پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف نے نوٹس لے لیا، امیر مقام کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس ، سوشل میڈیا بیانات پر تشویش کا اظہار ، اختلافی بیان بازی میڈیا پر نہ لانے ،معاملات جماعتی پلیٹ فارم پر حل کرنیکا فیصلہ
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ن لیگ آزاد کشمیر میں اختلافات کے خاتمے کیلئے سرگرم ہو گئے ہیں انہوں نے امیر مقام کو اختلافات کے خاتمے کا ٹاسک سونپ دیا ،جبکہ رواں ماہ کے آخر میں نواز شریف اور مریم نواز کا آزاد کشمیر کا دورہ بھی متوقع ہے ،مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی قیادت میں اختلافات پر سربراہ پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف نے نوٹس لے لیا ،وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیرمقام کو اختلافات ختم کر انے کی ہدایت کردی ، گزشتہ روز امیر مقام نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں رانا ثناء اللہ ، راجہ فاروق حیدر ، شاہ غلام قادر ، مشتاق منہاس، طارق فاروق، ڈاکٹر نجیب نقی، افتخار گیلانی نے شرکت کی ، اجلاس میں شاہ غلام قادر نے پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی گزشتہ روز ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس سے آگاہ کیا ، اجلاس میں گزشتہ روز سوشل میڈیا پر آنے والے بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کسی قسم کی اختلافی بیان بازی کو میڈیا کی زینت نہیں بنایا جائے گا ،تمام معاملات جماعتی پلیٹ فارم پر ہی حل کئے جائینگے۔