کراچی (آئی این پی )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو پولیو کے خاتمے کے لیے قائم صوبائی ٹاسک فورس (پی ٹی ایف) کے اجلاس کی صدارت کی اور صوبے میں پولیو وائرس کے خلاف پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ نے 2024 میں 23 اور 2025 میں 9 کیسز کے مقابلے میں 2026 میں اب تک پولیو کے صرف ایک کیس تک کمی حاصل کی ہے، جبکہ ماحولیاتی نگرانی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس کی گردش چند باقی ماندہ ہائی رسک علاقوں تک محدود ہوتی جارہی ہے۔وزیراعلی نے بیماری کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ 21 سے 27 ستمبر تک ہونے والی ذیلی قومی حفاظتی ٹیکہ جات مہم (ایس این آئی ڈیز) سے قبل ویکسینیشن، نگرانی اور کمیونٹی سے رابطے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی جانب سے حاصل کی گئی پیش رفت حوصلہ افزا ہے اور ہمارے صحت کارکنوں، ضلعی انتظامیہ اور شراکت دار اداروں کی محنت کی عکاسی کرتی ہے لیکن ہمارا مشن اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک ہر بچے کو تحفظ حاصل نہیں ہوجاتا اور ہر ضلع سے وائرس کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔ کسی بھی بچے کو غفلت، کمزور نگرانی یا فالو اپ نہ ہونے کے باعث ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے