انسانی سمگلنگ کے خاتمے اور ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری:وزیراعظم شہباز شریف

انسانی سمگلنگ کے خاتمے اور ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری:وزیراعظم شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ ایک سنگین منظم جرم ہے اور حکومت اسے جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

 انہوں نے یہ بات انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن ہر سال انسانی سمگلنگ جیسے بھیانک اور منظم جرم کی روک تھام، اس کے محرکات اور اثرات کو اجاگر کرنے اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

اس سال یہ دن "انسانی سمگلنگ ایک منظم گروہی جرم، استحصال کا خاتمہ" کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔
انسانی سمگلنگ کی ہولناک حقیقت
شہباز شریف نے کہا کہ:جرائم پیشہ گروہ دنیا بھر میں فکرِ معاش میں مبتلا افراد کو جھوٹے خواب دکھا کر انسانی سمگلنگ کا نشانہ بناتے ہیں۔پاکستان میں سمندر میں تارکین وطن کی ہلاکتوں جیسے واقعات نے انسانی سمگلنگ کی ہولناک حقیقت کو بے نقاب کیا۔
حکومتی اقدامات
وفاقی حکومت نے انسانی سمگلنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔یہ ٹاسک فورس انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ایف آئی اے، انٹیلیجنس بیورو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے انسانی سمگلنگ کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور کئی سرکاری اہلکاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔
عوامی آگاہی اور روزگار کے مواقع
حکومت بیرون ملک قانونی روزگار کے محفوظ طریقہ کار سے آگاہی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔اندرون اور بیرون ملک روزگار کے بہتر مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگ غیر قانونی راستوں سے بچ سکیں۔
وزیراعظم کی اپیل
شہباز شریف نے کہا:بہتر مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی یا گمراہ کن راستے جان کے ضیاع اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا سبب بن سکتے ہیں۔عوام، میڈیا، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت دار حکومت کے ساتھ مل کر آگہی مہمات میں تعاون کریں تاکہ ایک محفوظ اور استحصال سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔