بلدیاتی ایکٹ کے خلاف21دسمبر کو ملک گیر احتجاج کرینگے:حافظ نعیم

یہ جو  کچھ سینیٹ اور اسمبلیوں میں کر رہے ہیں اب اس کو نچلی سطح پر بھی لے کر جارہے ہیں
یہ میئر سے بھی ڈرتے ہیں کہیں وہ وزیراعلی کو چیلنج ہی نہ کردے:امیر جماعت اسلامی
لاہور(خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے  21دسمبر کو ملک گیر احتجاج ہوگا، جماعت اسلامی اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں جو بلدیاتی ایکٹ پاس ہوا ہے یہ جمہوریت پر ایک دھبا ہے، یہ جو سینیٹ اور اسمبلیوں میں کر رہے ہیں اب اس کو نچلی سطح پر بھی لے کر جارہے ہیں، پنجاب میں آخری بار 2015 میں بلدیاتی انتخاب ہوا تھا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ حکومت شہر کے میئر سے بھی ڈرتی ہے، یہ میئر سے بھی ڈرتے ہیں کہ کہیں وہ وزیراعلی کو چیلنج ہی نہ کردے، یہ صرف نعرے ہی لگاتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو، یہ عوام کا مسئلہ ہے، یہ عام ورکر کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سارے کے سارے محکمے اپنے اندر رکھ لیے ہیں، حکومت کہتی ہے ان کی گورننس بہت اچھی ہے، اگر آپ کی گورننس اچھی ہے تو آج کسان ڈے ہے آپ نے کیا کیا ہے؟امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آپ کسان کے حالات اچھے بنا سکتے تھے آپ نے سب تباہ کردیا، بھارت میں کھاد سستی ہے اور پاکستان میں مہنگی ہے یہ کون بتائے گا، آپ نے لوگوں کو کیا سہولت دی ہے۔