پی ٹی آئی سے مذاکرات نواز شریف کی اجازت سے مشروط
مطالبات پر اتوار تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکتی، پھر بھی اگر جلد بازی میں سول نافرمانی کی تحریک کا شوق ہے تو تحریک انصاف اْسے پورا کرلے، کیوں کہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور یہ تحریک بری طرح سے ناکام ہوگی،مشیروزیراعظم
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر اور( ن) لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے جو بھی بات ہوگی اْس میں حکومت اسٹیبشلمنٹ کو آن بورڈ رکھے گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف سے مذاکرات نواز شریف کی اجازت سے مشروط ہیں اور حکومت اسٹیبلشمنٹ کو بھی آن بورڈ رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اتوار تک مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں اور اس حوالے سے ہماری سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے جو مطالبات ہیں اْن پر اتوار تک تو کوئی پیشرفت نہیں ہوسکتی، پھر بھی اگر جلد بازی میں سول نافرمانی کی تحریک کا شوق ہے تو تحریک انصاف اْسے پورا کرلے کیوں کہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور یہ تحریک بری طرح سے ناکام ہوگی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی حکومت کو نہیں اپنے پیاروں کو پیسے بھیجتے ہیں اس لیے اْن کا سول نافرمانی کی تحریک میں ترسیلات زر نہ بھیجنا ممکن نہیں ہے۔