اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 122.04 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئی،ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں 7 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 1 کروڑ سے زائد مالیت کی 122.04 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئی ۔ترجمان اے این ایف کے مطابق حیدرآباد میں واقع کوریئر آفس میں پشاور سے بھیجے گئے پارسل سے 190 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ بلوچستان میں تربت کے غیر آباد علاقے سے 100 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ۔رنگ روڈ پشاور پر پارک کے قریب رکشا میں چھپائی گئی 16.8 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا۔اوکاڑہ روڈ قصور میں پٹرول پمپ کے قریب خاتون سے 1.2 کلو گرام چرس اور 2.2 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ پر ملزم سے 980 گرام آئس برآمد کی گئی۔ شاہ پل ملتان کے قریب ملزم کے قبضے سے 610 گرام آئس برآمد کی گئی۔ برہان ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم سے 150 گرام افیون برآمد ہوئی ۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔