پی ٹی آئی مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گی، حکومت کو پیشکش کرنی ہوگی:شبلی فراز

پی ٹی آئی مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گی، حکومت کو پیشکش کرنی ہوگی:شبلی فراز

پی ٹی آئی کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی پارٹی حکومت سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گی، بلکہ حکومت کو خود مذاکرات کی پیشکش کرنی چاہیے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے اور یہ حکومت کے مفاد میں ہے کہ باضابطہ مذاکرات کی پیشکش کرے۔شبلی فراز نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات کے ذریعے حل نکلتا ہے تو یہ بہتر ہوگا۔ انہوں نے بانئ پی ٹی آئی کا بیان بھی ذکر کیا کہ وہ چند دنوں کے لیے سول نافرمانی کی تحریک کو مؤخر کر سکتے ہیں، مگر اس سے پہلے پارٹی کی مذاکراتی کمیٹی کی بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات کرانا ضروری ہے تاکہ کمیٹی کی حدود واضح ہو سکیں۔شبلی فراز نے کہا کہ جب حکومت اپوزیشن کو مؤثر طریقے سے ہینڈل نہیں کر پاتی، تو اس سے ملک کا زیادہ نقصان ہوتا ہے، کیونکہ سیاسی استحکام ملک کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، اور حکومت اکیلے ان مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی کیونکہ نہ اس کے پاس مناسب مینڈیٹ ہے اور نہ ہی عوامی حمایت۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی بہتری کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے اور حکومت کو اس کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا تاکہ امن و امان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔