بشریٰ بی بی احتجاج کو لیڈ نہیں کرینگی، علی امین سے انکی کوئی چپقلش نہیں، شبلی فراز

بشریٰ بی بی احتجاج کو لیڈ نہیں کرینگی، علی امین سے انکی کوئی چپقلش نہیں، شبلی فراز

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی اور علی امین کے درمیان کوئی چپقلش نہیں ہے اور وہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا رہی ہیں۔

 انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بشریٰ بی بی احتجاج کی قیادت نہیں کریں گی اور وہ سیاست میں آنا نہیں چاہتیں۔شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف تمام مقدمات جعلی ہیں، اور ان کا مقصد پارٹی کو دبانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی کارکنوں اور دہشت گردوں میں فرق مٹایا جا رہا ہے، جس سے دہشت گردوں کا خوف ختم ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور پولیس اور فورسز پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہوئی ہیں، جس سے امن کی بحالی مشکل ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور دہشت گرد نہیں، اور اس کے باوجود پارٹی کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن پی ٹی آئی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ شبلی فراز نے کہا کہ پرامن احتجاج پی ٹی آئی کا حق ہے اور لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال غیر آئینی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کو سیاسی حکومت کی بزدلی قرار دیا۔دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی مقدمات کی تفصیلات کے لئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے ان کی چار ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔