وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قاہرہ میں D-8 سربراہی اجلاس کے دوران انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دوران ملاقات، دونوں رہنماؤں نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے علاوہ کثیر الجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا کو پاکستان کا قابل بھروسہ تجارتی شراکت دار قرار دیا اور خاص طور پر پام آئل کی فراہمی کے لیے انڈونیشیا کے کردار کی تعریف کی۔وزیراعظم نے پاکستان کے آسیان میں سیکٹورل پارٹنر کا درجہ حاصل کرنے اور آسیان کے مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کے لیے انڈونیشیا کی حمایت کو سراہا اور اس بات کا عندیہ دیا کہ انڈونیشیا کی مدد سے پاکستان آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بنے گا۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے مسئلے پر اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جامع طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت پر بات کی۔آخر میں، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پرابوو سوبیانتو کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کر لی۔