اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے حالیہ دورے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور انہیں علاقے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر میں حال ہی میں اعلان کردہ 100 روزہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں آزاد کشمیر میں بنیادی سہولیات کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔