وزیراعظم شہباز شریف سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ازبکستان کے سفیر جناب علیشیر تختائیف کی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

 ملاقات میں وزیرِ اعظم نے ازبک سفیر کے ذریعے صدر شوکت مرزیوئیف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تاشقند کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی شاندار پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جس میں ایک اسٹریٹجک تعاون کونسل کی تشکیل اور مختلف شعبوں میں اہم معاہدوں پر دستخط شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ وزراء کو ان فیصلوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے خاص طور پر کان کنی، ریلوے، SEZs، بینکنگ، سیاحت، ثقافت اور قابل تجدید توانائی میں ازبکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی کو اجاگر کیا۔

 انہوں نے دوطرفہ تجارت کو 2 بلین ڈالر تک بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ازبک سفیر نے وزیراعظم کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر مرزیوئیف پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مرزیوئیف نے رواں برس کے آخر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی وزیراعظم کی دعوت قبول کر لی ہے۔ دونوں فریقین تاریخوں پر اتفاق کر رہے ہیں۔