حکومت اور اپوزیشن تلخی ختم کرنے، ملکی مفاد پر بات کرنے یا لا ء اینڈ آرڈر کے معاملات پر گفتگو کرنا چاہیں تو آجائیں‘سپیکرکا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہوتا ہے
سپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے ممبران کیلئے کھلے رہتے ہیں‘سعودی عرب کا وفد پاکستان میں موجود ہے جو چاہتے ہیں ہمارے پارلیمنٹ ٹو پارلیمنٹ تعلقات بہتر ہوں:ویڈیو بیان
اسلام آباد (آئی این پی ) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا ہے اختلافات ختم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے اور اس کے لیے میرا دفتر ہر وقت حاضر ہے۔ سپیکراسمبلی ایاز صادق نے جاری ایک ویڈیو بیان میں کہاہے کہ میں مصروفیت کی وجہ دے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں ہورہا ہوں، گزشتہ روز بھی بہت مختصر وقت کے لیے ایوان میں گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں آج بھی مصروف ہوں کیوں کہ سعودی شوری کے سپیکر اور ان کے ہمراہ ایک وفد دورہ پاکستان پر موجود ہیں، جو چاہتے ہیں ہمارے پارلیمنٹ ٹو پارلیمنٹ تعلقات مزید بہتر ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں جو ماحول بنا، جس طرح پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت اور مسلم لیگ ن کے رانا ثنااللہ اور خواجہ آصف نے جس طرح بات کی، وہ میں نے دیکھی۔ایاز صادق نے کہا سپیکر کا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہوتا ہے، اسپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے ممبران کے لیے کھلے رہتے ہیں، چاہیں ایوان کی کارروائی چل رہی ہو یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا گھر اور دفتر 24 گھنٹے کھلا ہے، حکومت اور اپوزیشن تلخی ختم کرنے، ملکی مفاد پر بات کرنے یا لا اینڈ آرڈر کے معاملات پر گفتگو کرنا چاہیں تو آجائیں۔