لاہور: عید میلاد النبی ﷺ کی آمد کے پیش نظر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور نے شہر کو برقی قمقموں اور خوبصورت آرائشی لائٹس سے سجانے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
پی ایچ اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر لاہور کی اہم شاہراہوں، چوراہوں اور نمایاں مقامات کو خصوصی لائٹنگ اور برقی سجاوٹ سے مزین کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پی ایچ اے کی مختلف ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے، جو شہر بھر میں سجاوٹ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر لاہور کو خوبصورت اور دیدہ زیب انداز میں سجایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر اسمِ محمد ﷺ کے خوبصورت برقی ڈیزائنز اور مونومنٹس نصب کیے جا رہے ہیں۔ان کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی عکاسی کرنے والے خوبصورت برقی مونومنٹس بھی مختلف مقامات پر نصب کیے جا رہے ہیں، جن سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے روحانی اور مذہبی ماحول فراہم ہوگا۔احمد عثمان جاوید نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ تمام انتظامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کیے جائیں تاکہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر لاہور بھر میں سجاوٹ مکمل اور بہترین حالت میں ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے ورکرز شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں اور اہم شاہراہوں سمیت دیگر نمایاں مقامات پر لائٹنگ اور آرائشی کام تیزی سے جاری ہے۔پی ایچ اے حکام کے مطابق شہر کی سجاوٹ کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر نصب کیے جانے والے برقی مونومنٹس اور لائٹس کی تنصیب و دیکھ بھال پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو ایک خوبصورت اور یادگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔