پاکستان میں ربیع الاول 1448 ہجری کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺ کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے چاند کی رویت سے متعلق ابتدائی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ربیع الاول کا آغاز 15 اگست 2026 سے ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، جس کے باعث یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہونے کی توقع ہے۔ اس حساب سے 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست 2026 کو آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔تاہم ربیع الاول کے چاند کی حتمی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ چاند نظر آنے یا نہ آنے کے حتمی اعلان کے بعد ہی عید میلاد النبی ﷺ کی تاریخ بھی باضابطہ طور پر واضح ہوگی۔اگر محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو 12 ربیع الاول 26 اگست کو ہوگا اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل متوقع ہے۔
اگست میں ممکنہ تعطیلات
دوسری جانب اگست کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 12 تعطیلات ہونے کا امکان ہے، جن میں دو سرکاری جبکہ 10 ہفتہ وار تعطیلات شامل ہیں۔پاکستان کا یوم آزادی 14 اگست، جمعہ کو منایا جائے گا۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات ہونے کے باعث شہریوں کو مسلسل تین روز کی چھٹی ملنے کا امکان ہے۔
متحدہ عرب امارات میں بھی تعطیل کا اعلان
ادھر متحدہ عرب امارات نے بھی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ اماراتی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق جمعہ 28 اگست 2026 کو سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے تعطیل ہوگی۔متحدہ عرب امارات میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات کرنے والے ملازمین کو 28 اگست کی سرکاری چھٹی کے باعث مسلسل تین روز، 28 سے 30 اگست تک تعطیلات ملیں گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں عید میلاد النبی ﷺ کی حتمی تاریخ کا تعین چاند کی رویت کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے ہوگا۔