محکمہ موسمیات پاکستان نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، جبکہ یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فلکیاتی حساب کے تحت 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے، تاہم ربیع الاول کے آغاز اور چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔رپورٹ کے مطابق 13 اگست کی شام ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ فلکیاتی پیرامیٹرز اور چاند کی عمر کے باعث اس روز چاند کی رویت ممکن نہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کراچی میں 13 اگست کو چاند غروب ہونے کا وقت شام 7 بج کر 40 منٹ مقرر ہے، تاہم فلکیاتی صورتحال کے پیش نظر چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ یہ صرف فلکیاتی پیش گوئی ہے، جبکہ ربیع الاول کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں اور شرعی اصولوں کی روشنی میں کرے گی۔