ویب ڈیسک: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے شایانِ شان انتظامات کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
ہدایات کے مطابق:
صوبے بھر کے بڑے جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں لگائی جائیں گی تاکہ شرکاء مستفید ہو سکیں۔
اہم عمارتوں، بینکوں اور دفاتر کو سبز برقی قمقموں سے روشن کیا جائے گا تاکہ شہر میں روحانی ماحول پیدا ہو۔
جمعتہ المبارک 11 ربیع الاول کو سرکاری و نجی اسکولوں میں میلاد کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپوں میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔
جیلوں کے قیدیوں میں بھی اس بابرکت دن کی خوشی میں مٹھائی بانٹی جائے گی۔
6 ستمبر کے حوالے سے شہداء کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر معاشرے میں امن، رواداری اور اتحاد کے جذبے کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔