نوشہرو فیروز:زہریلا دودھ پینے سے 2 کمسن بھائی جاں بحق

دربیلو کے نواحی گا ئوں کریم داد میں راحب سیال کے بیٹوں نے صبح ناشتے میں دودھ پیا
رضوان سیال نے کنڈیارو، ریحان نے گمس ہسپتال میں دم توڑا، علاقے میں سوگ
کنڈیارو، محراب پور(خصوصی رپورٹ)نوشہرو فیروز میں مبینہ طور پر صبح ناشتے میں زہریلا دودھ پینے سے دو کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے۔ دربیلو کے قریب گوٹھ کریم داد سیال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر زہریلا دودھ پینے کے باعث 2 کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 6 سالہ رضوان اور 8 سالہ ریحان کے نام سے ہوئی ہے، جو ریٹائرڈ فوجی راحب سیال کے بیٹے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں بچوں کی طبیعت دودھ پینے کے بعد اچانک بگڑ گئی۔ گمس ہسپتال میں انہیں بچانے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ خانہ میں کہرام مچ گیا، جبکہ علاقے کے مکین بڑی تعداد میں تعزیت کے لیے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئے۔ دونوں معصوم بچوں کی اچانک وفات پر پورا علاقہ غم و افسوس میں ڈوب گیا۔پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق بچوں کی موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم، فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر واقعے کو مبینہ زہریلا دودھ پینے سے پیش آنے والا حادثہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔