نوشہرو فیروز، قومی شاہراہ پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد جاں بحق

حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی، سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے،  تمام افراد کا تعلق سولنگی برادری سے بتایا جا رہا ہے
 نوشہرو فیروز(یواین پی)نوشہرو فیروز کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار اور ٹریلر کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے،پولیس کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار لاڑکانہ سے کراچی کی جانب جا رہی تھی۔ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق سولنگی برادری سے بتایا جا رہا ہے۔پولیس نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی شناخت کر لی ہے، جاں بحق افراد میں ندیم، غلام سولنگی، عبدالحکیم، حاجی خان، بخشل، سہراب اور منظور شامل ہیں