سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ انہوں نے بھی اڈیالہ جیل میں وقت گزارا ہے، لیکن جس طرح بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان نے جیل کاٹی ہے، میں نے کبھی سوچا نہیں تھا۔
راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آزاد ہیں اور وہ ہماری آزادی کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی پابندیاں اس ملک میں بادشاہت کے زمانے میں ہوتی تھیں۔جاوید ہاشمی نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ختم کرنے کی بھرپور کوشش ہو رہی ہے اور جو لوگ آئین اور جمہوریت کے لیے لڑ رہے ہیں، وہ دراصل جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں آئین، قانون اور سیاست کچھ تو بچے، لیکن عدلیہ کی آزادی تو ختم ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو گارنٹی دی گئی تھی کہ 4 حلقے کھولیں گے پھر انتخابات ہوں گے، اور جاوید ہاشمی نے اس وقت عمران خان کو سمجھایا کہ اگر یہ راستہ اختیار کیا تو وہ قوم سے دور ہو جائیں گے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ اسمبلی پر چڑھائی کے حق میں نہیں تھے، اور آج بانی پی ٹی آئی نے ان کی بات کو سمجھا ہے، اسی لیے وہ کہتے ہیں کہ آخری سانس تک لڑوں گا۔