امریکی انتخابات میں جتنی دھاندلی ہوتی ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی انتخابات میں جتنی دھاندلی ہوتی ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوتی ہے، جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، تاہم انہوں نے اپنے اس الزام کے حق میں کوئی مخصوص ثبوت پیش نہیں کیا۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کے امکان پر بھی بات کی اور کہا کہ امریکی فوج اس مقصد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق امریکا کی فوجی تیاریاں مکمل ہیں اور اگر ضرورت پیش آئی تو مزید کارروائی کی جاسکتی ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ممکن ہوا تو وہ ایران کے باقی ماندہ حصے کو تباہ کرنے سے گریز کرنا چاہیں گے، تاہم حالات ایسے بھی ہوسکتے ہیں کہ امریکا کو مزید فوجی کارروائی کرنا پڑے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے معاملے پر کسی بھی ممکنہ پیش رفت کے لیے امریکی فوج پوری طرح تیار ہے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ فوجی کارروائی کے راستے سے بچنا چاہیں گے، لیکن اگر حالات نے مجبور کیا تو امریکا اس آپشن کو استعمال کرسکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار کام کیا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی، اس سے نمٹنے کی حکومتی حکمت عملی اور اس کے سیاسی اثرات پر امریکا میں بحث جاری ہے۔انتخابات میں دھاندلی سے متعلق ٹرمپ کے بیان نے بھی توجہ حاصل کی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی مخصوص انتخاب، واقعے یا ثبوت کی نشاندہی نہیں کی۔