ایشیا کپ 2025 کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پر کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بھارت کی جانب سے بائیکاٹ کی دھمکیاں، سابق کرکٹر اور سیاستدان کیدار جادھیو کے بیانات، اور ٹیم سلیکشن کے مسائل نے صورتحال مزید پیچیدہ کر دی ہے۔کیدار جادھیو نے کہا کہ بھارتی ٹیم کسی بھی صورت میں پاکستان کے خلاف مقابلہ نہیں کرے گی اور ان کا دعویٰ ہے کہ یہ میچ ممکن نہیں ہوگا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ پر سابق کھلاڑیوں اور سیاسی حلقوں کی جانب سے دباؤ بڑھ رہا ہے کہ پاکستان سے میچز کا انعقاد نہ ہو۔دوسری جانب، ٹیم سلیکشن کمیٹی شبمن گل کی سلیکشن اور اوپننگ لائن اپ کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے۔ ٹیسٹ کپتان کے انتخاب میں یشسوی جیسوال کو قربانی دینی پڑ سکتی ہے، جبکہ محمد سراج اور محمد شامی کی شمولیت بھی زیرِ غور ہے۔ فٹنس مسائل کے باوجود جسپریت بمراہ کو ٹیم میں شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ایشیا کپ 2025 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں ہوگا، جس میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 ستمبر کو دبئی میں ہونا ہے۔ بی سی سی آئی نے میچز کے انعقاد کے لیے اپنی حکومت سے اجازت حاصل کر رکھی ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز کے ساتھ بھارت کا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔