لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی ٹیموں کی بہتری کے لیے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں سابقہ تجربہ کار کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔
اس نئی کمیٹی میں دانس کلیم، کاشف جواد اور اولمپیئن ایم خالد کو شامل کیا گیا ہے، جو جونیئر اور سینئر ٹیموں کی سلیکشن کی ذمہ دار ہوگی۔پہلے مرحلے میں یہ کمیٹی جونیئر ایشیا کپ کے لیے قومی جونیئر ٹیم کا انتخاب کرے گی، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں شامل کیا جا سکے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ حال ہی میں بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی 100 ویں کانگریس کا انعقاد ہوا، جس میں پی ایچ ایف کے صدر اور سیکریٹری نے شرکت کی۔ انہوں نے طیب اکرام کے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر منتخب ہونے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیب اکرام نے ہمیشہ عالمی ہاکی کے فروغ کے لیے خدمات سرانجام دی ہیں اور ان کے تجربے سے پاکستان ہاکی کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
رانا مجاہد نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی کھلاڑی سفیان خان نے "رائزنگ اسٹار" کا اعزاز جیتا، جو پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی میچز کی میزبانی کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں اور اگر بھارتی ٹیم پاکستان آ کر کھیلنے پر رضامند ہوتی ہے تو انہیں بھی خوش آمدید کہا جائے گا۔ پی ایچ ایف ہر قسم کے ایونٹ کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔سیکریٹری پی ایچ ایف نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس وسائل ہوں تو سب سے پہلے کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کی کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی کارکردگی میں بہتری آئے۔